پاک مصر مشترکہ فوجی مشق "تھنڈر-2” کا آغاز

راولپنڈی: پاکستان اور مصر کی افواج کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق "تھنڈر-2” کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ کرنا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دو ہفتوں پر محیط یہ مشترکہ مشق 6 اپریل 2026 سے اسپیشل آپریشنز اسکول چیراٹ میں شروع ہوئی ہے، جس میں پاک فوج کے نامور اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور مصری فوج کی اسپیشل فورسز کے چنیدہ دستے بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ اسپیشل آپریشنز اسکول چیراٹ تھے جنہوں نے دونوں ممالک کے دستوں کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس مشق کا بنیادی مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا اور دونوں دوست ممالک کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

ان مشقوں کے دوران شریک دستے ایک دوسرے کے تجربات اور جدید مہارتوں سے استفادہ حاصل کریں گے، بالخصوص انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کے حوالے سے دونوں افواج کی تکنیکی اور تزویراتی صلاحیتوں کو نکھارا جائے گا۔ یہ مشقیں خطے میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی کوششوں میں دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور مصر کے دفاعی تعلقات گزشتہ چند سالوں میں مزید گہرے ہوئے ہیں اور "تھنڈر-2” اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز پیچیدہ جنگی حالات اور انسدادِ دہشت گردی کے مختلف مراحل کی مشق کریں گی۔