پاک بحریہ معرکۂ حق میں بھارتی طیارہ بردار جہاز کو نشانہ بنانے کیلئے تیار تھی، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا انکشاف

کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان نیوی بھارتی طیارہ بردار جہاز کو نشانہ بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار تھی، تاہم بھارتی بحریہ اپنے محفوظ سمجھے جانے والے علاقوں تک محدود رہی۔

یہ بات انہوں نے پاک بحریہ میں دوسرے ملجم کلاس جنگی جہاز پی این ایس خیبر کی شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اسٹریٹیجک محلِ وقوع اہم بحری تجارتی اور توانائی راہداریوں کے باعث ایک مضبوط اور جدید بحری قوت کا متقاضی ہے، اور ملک کے بحری مفادات کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کو جدید ترین پلیٹ فارمز اور جدید ٹیکنالوجیز سے لیس کیا جا رہا ہے، جو دشمن کی اہم تنصیبات، کمزوریوں اور بحری اثاثوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتی ہیں۔

ایڈمرل نوید اشرف کے مطابق پی این ایس خیبر جیسے جدید جنگی جہاز اور مستقبل میں شامل ہونے والی ہنگور کلاس آبدوزیں پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت اور آپریشنل استعداد میں نمایاں اضافہ کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر تیار ہے۔

تقریب کے اختتام پر نیول چیف نے پی این ایس خیبر کے عملے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سمندری حدود کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔