ایران کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت دھمکی، معاہدہ نہ ہوا تو سنگین نتائج کی وارننگ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو سخت لہجے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے پاس صرف 48 گھنٹے باقی ہیں کہ وہ معاہدہ کرے یا آبنائے ہرمز کو کھول دے، بصورت دیگر سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ایران کو پہلے 10 دن کی مہلت دی تھی تاکہ وہ معاہدہ کرے یا اہم آبی گزرگاہ کو کھول دے، تاہم اب یہ مہلت ختم ہونے کے قریب ہے اور صرف 48 گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ اگر اس مدت کے اندر کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو ایران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس کے نتائج نہایت شدید ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ٹرمپ متعدد بار ایران کو معاہدے کے لیے دباؤ میں لانے کی کوشش کرتے رہے ہیں اور آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت کے لیے کھولنے پر زور دیتے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر امریکا کی جانب سے ایران کو کم وقت دیا گیا تھا، تاہم بعد میں سفارتی پیش رفت کے باعث اس میں توسیع کی گئی۔ اس دوران پاکستان نے بھی اہم سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کی کوششیں تیز کیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے حالیہ بیان سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

