تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات سے انکار کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران نے کبھی بھی مذاکرات کے لیے پاکستان جانے سے انکار نہیں کیا۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز امریکی اخبار کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات سے انکار کر دیا ہے اور امریکا کے مطالبات کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ ثالثی کی کوششوں کے باوجود ایران نے آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر نہیں کی، جبکہ مذاکرات کے لیے متبادل مقامات جیسے دوحہ اور استنبول پر غور کیا جا رہا ہے۔
تاہم عباس عراقچی نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے کبھی اسلام آباد جانے سے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی میڈیا جنگ بندی سے متعلق خبروں کو غلط انداز میں پیش کر رہا ہے، جبکہ ایران ایک ایسے حل پر زور دیتا ہے جو جنگ کے مکمل اور پائیدار خاتمے کو یقینی بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی ایسے مذاکرات میں دلچسپی رکھتا ہے جو جامع اور دیرپا امن کی ضمانت فراہم کریں، اور اس مقصد کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔
عباس عراقچی نے تہران میں ایک ریلی کے دوران پاکستانی پرچم لہرانے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر “پاکستان زندہ باد” بھی تحریر کیا۔
