اسلام آباد: وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں توانائی کی موجودہ صورتحال، پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور درآمدی انتظامات اور مقامی پیداوار کے ذریعے سپلائی مستحکم ہے۔ مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرول کے کارگو کی بڑی مقدار پہلے ہی محفوظ کر لی گئی ہے جبکہ ریفائنریز اپنی معمول کی پیداواری صلاحیت کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے اجلاس میں ہدایت کی کہ ریفائنریز اپنی پیداوار برقرار رکھیں اور سپلائی چین کی نگرانی مسلسل جاری رہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خلل سے بچا جا سکے۔ اجلاس میں جی ٹو جی معاہدوں کے ذریعے توانائی کی فراہمی مزید مستحکم کرنے کی حکمت عملی اور مختلف ممالک سے تیل کی درآمد کے متنوع ذرائع کا جائزہ بھی لیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ بروقت منصوبہ بندی، متنوع درآمدی حکمت عملی اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے کے باعث عالمی اتار چڑھاؤ کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے مربوط حکمت عملی اور دانش مندانہ منصوبہ بندی جاری رکھی جائے گی۔

