لگژری گاڑیوں کیلئے فیول مہنگا، لیوی میں 200 روپے اضافہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر پٹرولیم لیوی 100 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی لیٹر کر دی گئی۔

اس فیصلے کے تحت لیوی میں 200 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ایچ او بی سی پر مجموعی لیوی 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر ہو گئی جبکہ نئی قیمت 535 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ خاص طور پر امیر طبقے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جبکہ عام عوام کے زیر استعمال ریگولر پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ حکومتی مؤقف کے مطابق اس اقدام سے پبلک ٹرانسپورٹ اور فضائی کرایوں پر بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے سے حکومت کو ماہانہ 9 ارب روپے کی بچت ہوگی، جسے عوام کو ریلیف دینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے معیشت پر دباؤ کم ہوگا اور مالی بوجھ زیادہ وسائل رکھنے والے طبقے پر منتقل کیا جائے گا۔