ایران کے میزائل حملوں کے بعد دیمونا اور عراد میں تباہی، نیتن یاہو نے صورتحال کو ’انتہائی مشکل شام‘ قرار دے دیا

ایران کے جوابی میزائل حملوں کے بعد جنوبی اسرائیل کے شہروں دیمونا اور عراد میں شدید تباہی کے مناظر سامنے آئے ہیں، جس پر اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے صورتحال کو ملک کے لیے ’انتہائی مشکل شام‘ قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، متعدد عمارتیں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق عراد میں 6 ہلاکتیں اور 100 سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

بنجمن نیتن یاہو نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ مشکل حالات کے باوجود اسرائیل اپنے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور اسے ملک کے مستقبل کی جنگ قرار دیا۔

دوسری جانب حملوں کے بعد اسرائیلی وزارت تعلیم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اتوار اور پیر کو طلبہ و اساتذہ تعلیمی اداروں میں حاضری نہ دیں۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے یہ حملے نطنز میں اپنی جوہری تنصیبات پر امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کے ردعمل میں کیے، جن میں دیمونا کے حساس علاقے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

حکام کے مطابق دیمونا اور عراد پر یکے بعد دیگرے میزائل حملوں نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔