واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 48 گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز کو بحال نہ کیا گیا تو امریکا بھرپور کارروائی کرے گا۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا مرحلہ وار ایران کے اہم پاور پلانٹس کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس کا آغاز بڑے بجلی گھروں سے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی۔
امریکی صدر کے بیان کے بعد ایران نے فوری ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایسی کوئی کارروائی کی تو مشرق وسطیٰ میں امریکی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور بیان میں میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکا ایران کے خلاف اپنے مقاصد حاصل کر چکا ہے، جبکہ بعض رپورٹس اس کے برعکس تاثر پیش کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل امریکی صدر نے عندیہ دیا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں فوجی کارروائیوں کو محدود کرنے پر غور کر رہے ہیں اور آبنائے ہرمز استعمال کرنے والے ممالک کو اپنی سیکیورٹی خود یقینی بنانی چاہیے۔

