امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ جنگ چھوڑ کر واپس روانہ

واشنگٹن: امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال سے واپس بندرگاہ کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس بحری جہاز میں اس سے قبل آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس نے اس کی سرگرمیوں کو متاثر کیا۔ امریکی اخبار کے مطابق جہاز کے مرکزی لانڈری ایریا میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں 30 گھنٹوں سے زائد وقت لگا۔

واقعے میں دو امریکی فوجی زخمی ہوئے، تاہم جہاز کے انجن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ آگ کے باعث 600 سے زائد اہلکار عارضی طور پر اپنے رہائشی حصوں سے محروم ہو گئے۔

یو ایس نیول انسٹی ٹیوٹ کے مطابق جہاز کو مرمت کے لیے یونان کے سوڈا بے منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں اسے مکمل بحالی کے لیے 2 سے 3 ہفتے درکار ہوں گے۔ اس دوران جہاز آپریشنل نہیں رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ پر تقریباً ساڑھے 4 ہزار افراد پر مشتمل عملہ تعینات ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور امریکی بحری سرگرمیوں پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔