بلوچستان میں بڑی کارروائی، بی ایل اے کی خودکش حملہ آور لڑکی گرفتار، بڑی تباہی ٹل گئی

کوئٹہ: سکیورٹی اداروں نے کالعدم تنظیم بی ایل اے کی جانب سے خودکش حملے کے لیے تیار کی گئی ایک نوجوان لڑکی کو گرفتار کر لیا، جس سے ممکنہ بڑی تباہی ٹل گئی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیر داخلہ ضیا لانگو اور دیگر حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اس کارروائی کی تفصیلات بتائیں، اس موقع پر گرفتار لڑکی لائبہ بھی موجود تھی۔

لائبہ نے بتایا کہ اسے خودکش حملے کے لیے تیار کیا جا رہا تھا تاہم خضدار پہنچنے پر سکیورٹی اداروں نے اسے گرفتار کر لیا۔ اس نے دیگر خواتین سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی یا شدت پسند سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں بلوچ خواتین کا استحصال کر رہی ہیں اور انہیں گمراہ کر کے خودکش حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے واضح کر دیا ہے کہ شدت پسند عناصر کس طرح نوجوانوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

سرفراز بگٹی کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے نہ صرف قیمتی جانیں بچائیں بلکہ صوبے کو ایک بڑے خطرے سے محفوظ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اب بلوچستان کے عوام خود دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ حساس معلومات بھی شیئر کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خواتین کے احترام اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور اس حوالے سے معاملات لیڈیز پولیس کے ذریعے نمٹائے جائیں گے۔