حکومت کا بڑا فیصلہ، عید الفطر کے احترام میں آپریشن غضب للحق عارضی طور پر معطل

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر کے پیش نظر دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن غضب للحق کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عید کے احترام اور برادر اسلامی ممالک کی درخواست پر کیا گیا ہے، جن میں سعودی عرب، ترکی اور قطر شامل ہیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق آپریشن میں وقفہ آج رات سے 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب تک جاری رہے گا، اور اس دوران تمام کارروائیاں معطل رہیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان یہ اقدام نیک نیتی اور اسلامی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کر رہا ہے، تاہم اگر اس دوران سرحد پار سے کسی قسم کا حملہ، دہشت گردی یا ڈرون کارروائی کی گئی تو آپریشن فوری طور پر پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔