پیٹرولیم لیوی برقرار، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل مہنگا ہوگیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 39 روپے 20 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 358 روپے 1 پیسہ فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 67 روپے 51 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 302 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی کی شرح برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 105 روپے 37 پیسے جبکہ ڈیزل پر 55 روپے 24 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

وزارت توانائی پاکستان کے مطابق حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے لیے 23 ارب روپے کی سبسڈی ادا کرے گی۔ یہ سبسڈی 14 مارچ سے 20 مارچ تک کے عرصے کے لیے دی جائے گی۔

حکام کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر 49 روپے 63 پیسے جبکہ ڈیزل پر فی لیٹر 75 روپے 5 پیسے سبسڈی دی جائے گی اور یہ رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پرائس ڈیفرینشل کلیمز کی مد میں ادا کی جائے گی۔

ادائیگی کا عمل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا جبکہ او ایم سیز سے موصول ہونے والے بلوں کی تصدیق اور آڈٹ بھی کیا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ کابینہ سے وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ کے قیام کی منظوری بھی حاصل کر لی گئی ہے جبکہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 27 ارب 10 کروڑ روپے اس فنڈ میں منتقل کرنے کی منظوری دی ہے۔