اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے عالمی برادری مؤثر اقدامات کرے، صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد: آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت اور تعصب کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

اسلاموفوبیا کے تدارک کا عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا دین ہے اور اسے انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی کی عکاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو نفرت انگیز جرائم کے خلاف قانونی تحفظ کو مزید مضبوط بنانا چاہیے اور اظہارِ رائے کی آزادی کو نفرت پھیلانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی تنوع کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کرائسٹ چرچ مسجد حملے 2019 انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا واقعہ تھا۔ پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی فورمز پر مسلسل آواز اٹھاتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مختلف معاشروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم مسلمانوں کے خلاف تعصب ان کے تحفظ کو متاثر کر سکتا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آزاد نیشنل کمیشن قائم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ تعصب کے خاتمے اور مکالمے کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں اور مذہبی عقائد کے احترام کے ساتھ مساوی قانونی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔