پیٹرول مہنگا ہوگا یا نہیں؟ حکومت کل فیصلہ کرے گی

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کل کیے جانے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کیا جائے گا اور نئی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں اوسط قیمتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے کہ پیٹرول مہنگا ہوگا یا نہیں، تاہم قیمتوں کا فیصلہ عالمی منڈی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بھی مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے پاکستانی معیشت پر ممکنہ اثرات کا ذکر کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق اگر جنگ طویل ہوئی تو پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے اور ترسیلات زر بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ صورتحال کے باعث قطر سے مائع قدرتی گیس کی درآمد بھی متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق ایل این جی کا جو کارگو پہلے تقریباً 25 ملین ڈالر میں دستیاب ہوتا تھا اب اس کی قیمت بڑھ کر تقریباً 100 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جس سے توانائی کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ خطے میں کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔