مغربی عراق میں امریکی ری فیولنگ طیارہ گر کر تباہ، سینٹکام نے تصدیق کردی

واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے مغربی عراق میں امریکی فضائیہ کے ری فیولنگ طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

سینٹکام کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایندھن بھرنے والے طیارے کے نقصان سے آگاہ ہیں، آپریشن کے دوران دو طیارے شامل تھے جن میں سے ایک طیارہ مغربی عراق میں گر گیا جبکہ دوسرا بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

امریکی حکام کے مطابق یہ واقعہ آپریشن ایپک فیوری کے دوران پیش آیا اور حادثے کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے میں 6 افراد سوار تھے تاہم ان کی حالت کے حوالے سے فوری طور پر مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

سینٹکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ حادثہ نہ دشمن کے حملے اور نہ ہی فرینڈلی فائر کے باعث پیش آیا بلکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب ایران کے ختم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کا ری فیولنگ طیارہ عراق کی مزاحمتی فورسز نے مار گرایا ہے اور اس میں سوار تمام اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

ادھر خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اس واقعے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے اور مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔