لندن: انگلینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ دی ہنڈرڈ لیگ 2026 کی پلیئر نیلامی میں پاکستانی اسپنرز نے نمایاں توجہ حاصل کرلی، جہاں مسٹری اسپنر ابرار احمد اور نوجوان اسپنر عثمان طارق کو کروڑوں روپے میں خرید لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سن رائزرز لیڈز نے پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو 1 لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ میں سائن کیا ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 7 کروڑ 12 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ یہ فرنچائز انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد سے منسلک گروپ کی ملکیت ہے جس کی شریک مالکن کاویا مران ہیں۔
اسی نیلامی میں برمنگھم فینکس نے پاکستانی اسپنر عثمان طارق کو 1 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ میں خریدا جو تقریباً 5 کروڑ 32 لاکھ پاکستانی روپے بنتے ہیں۔
دی ہنڈرڈ لیگ کے لیے کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے خود کو رجسٹر کرایا تھا تاہم اب تک صرف دو پاکستانی کرکٹرز ہی ٹیموں میں جگہ بنا سکے ہیں۔
نیلامی سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ بھارت سے منسلک کوئی گروپ انگلینڈ کے اس ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی کھلاڑی کو نہیں خریدے گا تاہم سن رائزرز لیڈز کی جانب سے ابرار احمد کو منتخب کیے جانے کے بعد یہ تاثر غلط ثابت ہوگیا۔
اس فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا جہاں بعض بھارتی صارفین نے سن رائزرز حیدرآباد کی شریک مالکن کاویا مران کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب کئی کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے اور کھلاڑیوں کا انتخاب صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔

