ایران جنگ کا مستقبل کیا ہوگا؟ عالمی تجزیہ کاروں کے 5 ممکنہ منظرنامے

تہران: امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں ایران کے مستقبل اور اس تنازع کے ممکنہ انجام کے حوالے سے پانچ اہم منظرنامے سامنے آگئے ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا ممکنہ منظرنامہ یہ ہو سکتا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ مذاکرات شروع ہو جائیں اور ایرانی جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے لیے ایک نیا معاہدہ طے پا جائے۔

رپورٹ میں دوسرا امکان یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکا دباؤ یا خفیہ کارروائیوں کے ذریعے ایران کی موجودہ قیادت میں تبدیلی لانے کی کوشش کرے اور موجودہ نظام کے اندر ہی کسی نئی قیادت کے ساتھ کام شروع کر دے۔

تیسرے ممکنہ منظرنامے کے مطابق جنگ، معاشی بحران اور سیاسی دباؤ کے باعث ایران میں بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج شروع ہو سکتے ہیں جس سے موجودہ نظام حکومت کمزور یا ختم بھی ہو سکتا ہے۔

ایک اور امکان یہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل زمینی فوجی کارروائی کریں اور ایران کی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیں یا اپنے کنٹرول میں لے لیں۔

رپورٹ کے مطابق پانچواں ممکنہ منظرنامہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیت کو کمزور قرار دے کر فتح کا اعلان کر دیں اور امریکی افواج کو واپس بلا لیا جائے۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں پر شدید حملے کیے تھے جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔