کراچی: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک میں پیٹرول کی سپلائی بہتر ہونے لگی ہے اور پورٹ قاسم پر پیٹرول سے بھرے کئی جہاز پہنچ گئے ہیں جس سے ممکنہ بحران کے خدشات کم ہوگئے ہیں۔
پورٹ حکام کے مطابق تقریباً 25 کروڑ لیٹر پیٹرول سے لدے 4 جہاز پورٹ قاسم پہنچ چکے ہیں جبکہ ایک جہاز سے 37 ہزار ٹن پیٹرول کی منتقلی مکمل کرلی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک اور جہاز سے 50 ہزار ٹن پیٹرول کی ترسیل کا عمل جاری ہے جبکہ 55 ہزار ٹن پیٹرول لے کر آنے والا ایک اور جہاز 12 مارچ کو پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگا۔
اس کے علاوہ ایک اور جہاز 13 مارچ کو بندرگاہ پر پہنچے گا جو تقریباً 34 ہزار ٹن پیٹرول اتارے گا جس کے بعد ملک میں پیٹرول کی سپلائی مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
پورٹ قاسم انتظامیہ کے مطابق خلیجی ممالک سے خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات لے کر آنے والے تیل بردار جہازوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور بندرگاہ پر ان جہازوں کی ہنگامی بنیادوں پر برتھنگ کی جا رہی ہے تاکہ جلد از جلد سپلائی بحال کی جا سکے۔
واضح رہے کہ حکومت نے چند روز قبل پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ کیا تھا جس کے بعد ملک میں پیٹرول کی قلت اور توانائی بحران کے خدشات پیدا ہوگئے تھے تاہم نئی کھیپ آنے سے صورتحال بہتر ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

