ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر فائنل: انگلینڈ نے پاکستان کو 1-4 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا

ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

یہ فائنل مقابلہ اسماعیلہ میں کھیلا گیا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم دوسرے کوارٹر میں انگلینڈ نے گول کر کے برتری حاصل کر لی۔

تیسرے کوارٹر میں انگلینڈ کے کھلاڑی سیموئل ہوپر نے لگاتار دو گول کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط کر دی۔ پاکستان کی جانب سے رانا ولید نے گول کر کے خسارہ کم کیا، لیکن آخری کوارٹر میں انگلینڈ نے چوتھا گول کر کے کامیابی یقینی بنا لی۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم نے مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان ایونٹ میں مسلسل چار میچ جیت کر پہلے ہی ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال ہاکی ورلڈ کپ 14 اگست سے بیلجیم اور نیدرلینڈ میں کھیلا جائے گا۔