پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 6 اور 7 مارچ کو سکیورٹی فورسز نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 5 الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد خوارج مارے گئے۔
بیان کے مطابق ضلع باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج ہلاک ہوئے۔ اسی طرح بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائیوں کے دوران مزید 3 دہشتگرد مارے گئے۔
مزید کارروائیوں میں خیبر اور جنوبی وزیرستان میں جھڑپوں کے دوران 5 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ وہ علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے ساتھ سرحدی چیلنجز کے باوجود دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور امن کے قیام کیلئے پُرعزم ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، جبکہ قومی حکمت عملی عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

