پڑوسی ممالک پر مزید میزائل حملے نہیں کیے جائیں گے: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا اعلان

مسعود پزشکیان نے اعلان کیا ہے کہ ایران پڑوسی ممالک کے خلاف مزید میزائل یا فوجی حملے نہیں کرے گا، جب تک ان ممالک کی سرزمین سے ایران پر حملہ نہ کیا جائے۔

ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی عبوری قیادت کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ خطے کے ہمسایہ ممالک کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ انہوں نے حالیہ حملوں کے باعث متاثر ہونے والے پڑوسی ممالک سے معذرت کا اظہار بھی کیا۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران کی کسی بھی علاقائی ملک کے ساتھ دشمنی نہیں اور تہران خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی ملک کی سرزمین سے ایران پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے سامنے سرنڈر نہیں کرے گا اور ایرانی عوام اپنے ملک کے دفاع کے لیے متحد ہیں۔

انہوں نے ایرانی قوم سے اپیل کی کہ وہ اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کی خودمختاری اور وقار کے دفاع کے لیے متحد ہو جائیں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا جس کے بعد کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔