بھارت کی ریاست آسام میں بھارتی فضائیہ کا ایک لڑاکا طیارہ لاپتا ہوگیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق روسی ساختہ سخوئی 30 طیارہ آسام کے علاقے جورہاٹ ایئربیس سے پرواز بھرنے کے بعد شام 7 بج کر 42 منٹ پر ریڈار سے غائب ہوگیا۔
بھارتی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ طیارہ اپنی معمول کی پرواز کے دوران مقررہ وقت پر واپس نہیں پہنچا جس کے بعد فوری طور پر تلاش اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق طیارے میں پائلٹ اور ویپن سسٹم آپریٹر سوار تھے۔
رپورٹس کے مطابق طیارہ ضلع کاربی آنگلونگ کے فضائی حدود میں پرواز کر رہا تھا جب اس کا رابطہ منقطع ہوا۔ مقامی افراد نے جنگلاتی علاقے میں دھماکے جیسی آواز سننے کا دعویٰ بھی کیا ہے تاہم اس حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے اور عملے کا سراغ لگانے کے لیے فضائی اور زمینی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ جدید ریڈار نظام سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات اور عملے کی حالت سے متعلق معلومات تلاش کا عمل مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ سخوئی 30 طیارے بھارتی فضائیہ نے 2000 کی دہائی میں اپنے بیڑے میں شامل کیے تھے اور یہ ملٹی رول لڑاکا طیارے فضائی اور زمینی اہداف کے خلاف مختلف مشنز کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

