سری لنکا کے قریب ایرانی جنگی جہاز امریکی حملے کے بعد ڈوب گیا، 80 افراد ہلاک اور 140 لاپتا

سری لنکا: سری لنکا کے ساحل کے قریب ایرانی بحریہ کا جنگی جہاز ’آئی آر آئی ایس دینا‘ امریکی آبدوز کے حملے کے بعد ڈوب گیا، جس کے نتیجے میں 80 افراد ہلاک اور 140 افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔ ویڈیو اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز پر ٹارپیڈو کے اثر سے شدید دھماکہ ہوا۔

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے تصدیق کی کہ ایرانی جہاز کو نشانہ بنایا گیا، تاہم یہ دعویٰ کیا گیا کہ جہاز بین الاقوامی پانیوں میں محفوظ سمجھا جا رہا تھا۔ ایرانی جہاز بھارت میں جنگی مشقیں مکمل کر کے واپس ایران لوٹ رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔

سری لنکا کی وزارت دفاع نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں 30 افراد کو بحفاظت نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں جلنے کے زخم اور ہڈیوں کی چوٹیں شامل ہیں۔ سری لنکن بحریہ اور فضائیہ مشترکہ طور پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

حادثے کا شکار ایرانی جہاز ’آئی آر آئی ایس دینا‘ 86ویں بیڑے کا حصہ تھا، لمبائی تقریباً 95 میٹر اور وزن 1500 ٹن ہے۔ جہاز نور اور قدر اینٹی شپ میزائل، 76 ایم ایم فجر 27 نیول گن اور 30 ایم ایم ہتھیاروں سے لیس تھا اور اسے ایرانی بحری طاقت کی علامت سمجھا جاتا رہا۔

سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے بتایا کہ صبح ہنگامی سگنل موصول ہونے کے بعد فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، تاہم جہاز کے ڈوبنے کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی جہاز بھارتی بحری مشق ’آئی آر ایف اینڈ میلان 2026‘ میں شرکت کے لیے خطے میں موجود تھا۔