ٹی20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، قومی کھلاڑیوں پر 50، 50 لاکھ روپے جرمانے پر غور

ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی غیر تسلی بخش کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں پر بھاری جرمانہ عائد کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہر کھلاڑی پر کم از کم 50،50 لاکھ روپے جرمانہ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے فوراً بعد ہی جرمانے کی تجویز زیر غور آگئی تھی اور کھلاڑیوں کو اس حوالے سے آگاہ بھی کر دیا گیا تھا۔ بورڈ حکام کا مؤقف ہے کہ جب عمدہ کارکردگی پر کھلاڑیوں کو انعامات دیے جاتے ہیں تو ناقص کھیل پر جوابدہی بھی ہونی چاہیے۔

اطلاعات کے مطابق جرمانہ عائد کرنے کے معاملے میں کچھ قانونی اور انتظامی پیچیدگیاں موجود ہیں جن پر مشاورت جاری ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ فیصلہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہو۔

ذرائع کے مطابق بورڈ حکام قومی ٹیم کی کارکردگی سے خاصے ناخوش ہیں۔ ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے برعکس رہی اور سینئر کھلاڑی بھی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم ایونٹ میں مسلسل غیر مستقل مزاجی کا شکار رہی اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی، جس پر شائقین اور کرکٹ حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند روز میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔