کراچی: پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں شامل نئی فرنچائز راولپنڈی نے اپنی ٹیم کے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ فرنچائز نے ٹیم کا نام پنڈیز رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ولی ٹیک نے پی ایس ایل کی سابقہ فرنچائز ملتان سلطانز کو 2 ارب 45 کروڑ روپے میں خریدا تھا، جس کے بعد مالکان نے ٹیم کا نام ملتان سے تبدیل کر کے راولپنڈی کر دیا تھا۔ اتوار کو سوشل میڈیا پر 25 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کر کے ٹیم کے نئے نام کا اعلان کیا گیا۔
ویڈیو میں راولپنڈی شہر کے مشہور مقامات دکھائے گئے جبکہ پس منظر میں جوشیلی موسیقی شامل تھی۔ کیپشن میں کہا گیا کہ راولپنڈی ٹیم کا باضابطہ نام پنڈیز ہے، ہم نڈر ہیں، ہم چیلنج دینے آئے ہیں، ہم نیا جوش لے کر آ رہے ہیں اور کھیل کو بدلنے کے لیے تیار ہیں۔
فرنچائز نے اعلان کیا ہے کہ جلد ٹیم کا لوگو بھی متعارف کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے 10 سالہ ملکیت کے معاہدے کی تجدید سے انکار کیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز کی نیلامی کی تھی۔
پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

