انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے مستقبل کے بڑے عالمی ٹورنامنٹس کی میزبانی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جہاں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بھارت سے میزبانی واپس لے کر متبادل ممالک کو دینے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2029 اور آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2031 کیلئے دیگر میزبان آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی و سفارتی خدشات کے پیش نظر ٹورنامنٹس کے انعقاد کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے متبادل وینیوز پر ابتدائی غور و خوض جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کو متبادل میزبان کے طور پر مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ ماضی میں عالمی معیار کے ایونٹس کی کامیاب میزبانی کرچکا ہے اور اس کے پاس جدید انفراسٹرکچر اور انتظامی صلاحیت موجود ہے۔
اسی تناظر میں بنگلہ دیش کی شرکت سے متعلق سابقہ معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بعض ایونٹس میں سیاسی عوامل رکاوٹ بنے، جس کے بعد عالمی کرکٹ حکام آئندہ ممکنہ مسائل سے بچنے کیلئے پیشگی حکمت عملی پر غور کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ مالی طور پر مضبوط کرکٹ مارکیٹ ہونے کے باعث بھارت کو گزشتہ برسوں میں متعدد بڑے ایونٹس کی میزبانی دی جاتی رہی، تاہم پڑوسی ممالک خصوصاً پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کے باعث اب ان فیصلوں پر نظرثانی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

