ٹی20 ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ: آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر، زمبابوے سپر 8 میں پہنچ گیا

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں زمبابوے کرکٹ ٹیم اور آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے درمیان شیڈول 32واں میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔

میچ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونا تھا تاہم خراب موسم کے باعث ٹاس بھی ممکن نہ ہوسکا۔

اضافی پوائنٹ کے ساتھ زمبابوے کے تین میچوں کے بعد پانچ پوائنٹس ہوگئے اور وہ سپر 8 مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔

گروپ بی میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پہلے ہی چھ پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ چکی تھی جبکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

اس سے قبل سری لنکا نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ زمبابوے نے بھی اپ سیٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 23 رنز سے ہرایا تھا۔

یوں 2021 کا عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد آسٹریلیا مسلسل تیسری مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔