کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے سب سے بڑے مقابلے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ہائی وولٹیج میچ پر بارش کے سائے منڈلانے لگے ہیں، جو اتوار 15 فروری کو گروپ اے کے اہم مقابلے کے طور پر کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
موسمیاتی رپورٹس کے مطابق میچ کے روز شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور طوفان کا تقریباً 50 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شام کے اوقات میں ہلکی بارش متوقع ہے، جس کے باعث مقابلے کے متاثر ہونے یا تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
گوگل ویدر کے اندازوں کے مطابق جمعے سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہ سکتا ہے اور اس دوران اتوار کے روز بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ شائقین اور ماہرین کی نظریں موسم پر مرکوز ہیں۔
اگر بارش کے باعث میچ ممکن نہ ہو سکا تو آئی سی سی قوانین کے تحت دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا، جس کے گروپ کی صورتحال پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پاکستان ٹیم اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں سرفہرست ہے تاہم میچ منسوخ ہونے کی صورت میں اگلے مرحلے تک رسائی کی دوڑ مزید دلچسپ ہو سکتی ہے، جبکہ اس سے قبل پاکستان کا ایک وارم اپ میچ بھی بارش کی نذر ہو چکا ہے۔
روایتی حریفوں کے درمیان یہ مقابلہ ہمیشہ کی طرح عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور کرکٹ شائقین دعاگو ہیں کہ موسم صاف رہے تاکہ مکمل اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو مل سکے۔

