پشاور میں پہلی بار پی ایس ایل میچز کے انعقاد کا فیصلہ

پشاور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز پہلی مرتبہ پشاور میں کرانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت رواں سال ٹورنامنٹ کے مقابلے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

یہ فیصلہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں وفاقی و صوبائی حکام، عسکری قیادت اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

حکام کے مطابق پشاور میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کا مقصد کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور صوبے میں مثبت سرگرمیوں کو تقویت دینا ہے۔

اجلاس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں کی بڑی تعداد خیبر پختونخوا سے تعلق رکھتی ہے جو یہاں کے ٹیلنٹ کا مظہر ہے، اسی تناظر میں مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے اضافی ٹیموں کے قیام پر غور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ کی ترجیح کھیل اور کھلاڑیوں کی بہتری ہے جبکہ قومی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہو کر 3 مئی تک جاری رہے گا اور پشاور کو شامل کیے جانے سے لیگ کے جغرافیائی دائرہ کار میں اہم اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔