لاہور: آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ میچ سے متعلق فوری پیشرفت کا امکان نہیں ہے، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ اب آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان گزشتہ شب ہونے والے مذاکرات بغیر کسی واضح نتیجے کے ختم ہوگئے، تاہم حلقوں کا ماننا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں اہم پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے، جس میں وہ مذاکرات کی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق رہنمائی حاصل کریں گے۔
اس دوران بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کو 9 فروری تک پاک بھارت میچ سے متعلق فیصلہ کرنے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے، تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کسی بڑے اعلان کا امکان نہیں اور معاملے پر حتمی فیصلہ ممکنہ طور پر 12 فروری کو سامنے آئے گا۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر پی سی بی پہلے ہی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے ساتھ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کر چکا ہے، جس کی بنیاد بنگلادیش کے معاملے پر آئی سی سی کے فیصلوں کے خلاف احتجاج کو قرار دیا گیا تھا۔
اسی تناظر میں بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ پاکستان نے میچ کھیلنے کی صورت میں بعض شرائط آئی سی سی کے سامنے رکھ دی ہیں، جن میں میچ سے قبل و بعد رسمی روابط کی بحالی، دوطرفہ کرکٹ کے دوبارہ آغاز اور ریونیو میں اضافے سے متعلق مطالبات شامل ہیں، تاہم پی سی بی کی جانب سے ان دعوؤں کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
مجموعی طور پر صورتحال بدستور غیر یقینی ہے اور عالمی کرکٹ حلقوں کی توجہ پی سی بی اور حکومتی مشاورت کے نتیجے میں سامنے آنے والے فیصلے پر مرکوز ہے، جو نہ صرف ٹورنامنٹ کے شیڈول بلکہ خطے کی کرکٹ سیاست پر بھی اثرانداز ہو سکتا ہے۔

