ٹی20 ورلڈ کپ: انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیپال کو 4 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے پانچویں گروپ میچ میں انگلینڈ نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیپال کو 4 رنز سے شکست دے دی۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیکب بیتھل نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان ہیری بروک نے 53 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو مستحکم کیا۔ ول جیکس 39 اور جوز بٹلر 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیپال کی طرف سے دیپندرا سنگھ اور نندن یادیو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شیر ملا اور سندیپ لامیچانے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم نے بھرپور مزاحمت دکھائی اور میچ کو آخری اوور تک سنسنی خیز بنائے رکھا۔ تاہم مقررہ 20 اوورز میں ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز ہی بنا سکی۔

آخری اوور میں جیت کے لیے 10 رنز درکار تھے مگر سیم کرن کی عمدہ بولنگ کے باعث نیپالی بیٹرز صرف 5 رنز بنا سکے۔

نیپال کی جانب سے دیپندرا سنگھ 44 جبکہ روہت پاؤڈیل اور لوکیش بام 39، 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

انگلینڈ کے لیام ڈاسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیم کرن، جوفرا آرچر اور لیوک ووڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔