ویسٹ انڈیز کی اسکاٹ لینڈ کو شکست، شیفرڈ کی ہیٹ ٹرک سے میچ کا پانسہ پلٹ گیا

کولکتہ: آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے روماریو شیفرڈ کی تباہ کن بولنگ اور شمرون ہٹ مائر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی۔

ایڈنز گارڈن میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر کیریبین ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

شمرون ہٹ مائر 36 گیندوں پر 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ برینڈن کنگ نے 35، رومان پول نے 24 اور شیرفین ردرفورڈ نے 26 رنز کا اضافہ کیا۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے بریڈ کری نے دو جبکہ سفیان شریف، اولیور ڈیوڈسن اور مائیکل لیسک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کا آغاز محتاط رہا مگر روماریو شیفرڈ کی خطرناک بولنگ نے میچ کا رخ بدل دیا اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 147 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کپتان رچی بیرنگٹن 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ٹام بروس نے 35 رنز بنائے، دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیفرڈ نے 17ویں اوور میں مسلسل تین گیندوں پر تین وکٹیں لے کر ہیٹ ٹرک مکمل کی اور مجموعی طور پر 20 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیسن ہولڈر نے 3 اور شمار جوزف و گداکیش موتی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس شاندار فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے ایونٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی اور شیفرڈ کی ہیٹ ٹرک میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوئی۔