ٹی20 ورلڈ کپ: سری لنکا کی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر نظرثانی کی اپیل

کولمبو: سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کی ہے کہ وہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن بورڈ نے پی سی بی کو باضابطہ خط لکھ کر نشاندہی کی کہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہائی پروفائل مقابلہ منسوخ ہونے کی صورت میں میزبان بورڈ کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ میچ سے ٹکٹوں کی فروخت، نشریاتی حقوق اور سیاحت کی مد میں نمایاں آمدن متوقع تھی جبکہ بائیکاٹ کے اعلان کے بعد شائقین کی جانب سے ہوٹل بکنگ منسوخ ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

سری لنکا کرکٹ نے یاد دہانی کرائی کہ اس نے ماضی میں مشکل حالات میں پی سی بی کا ساتھ دیا اور دونوں بورڈز کے دیرینہ تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسیع تر کرکٹ مفاد میں فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی۔

بورڈ نے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کی یقین دہانی بھی کرائی جبکہ ذرائع کے مطابق دیگر کرکٹ بورڈز نے بھی پاکستان سے بائیکاٹ سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔

یہ پیش رفت حکومت پاکستان کے اس فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت قومی ٹیم کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلنے سے روک دیا گیا تھا، جبکہ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی پسِ پردہ رابطوں کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوششوں پر غور کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے اور پاکستان اپنے گروپ میچز کولمبو میں کھیلے گا۔