ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے لیے پاکستان ٹیم کی آفیشل کٹ کی رونمائی ملتوی

آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی آفیشل کٹ کی رونمائی منسوخ کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی کٹ کی رونمائی آج آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ کے ٹاس کے بعد ہونا تھی، تاہم ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر یہ تقریب ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت یا ممکنہ بائیکاٹ سے متعلق حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا، جس کے باعث کٹ کی رونمائی مؤخر کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے پی سی بی کا حتمی فیصلہ پیر تک متوقع ہے، جس کے بعد کٹ کی رونمائی کی نئی تاریخ دی جائے گی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کو ورلڈکپ سے نکالے جانے پر پی سی بی نے فیصلے کو دوہرا معیار قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل دیا تھا۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کا آغاز 7 فروری سے ہوگا اور پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ اسی روز نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔