انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل گانا “Feel the Thrill” (فیل دی تھرل) باضابطہ طور پر جاری کر دیا ہے، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے جوش، جذبے اور عالمی جنون کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق یہ گانا ٹورنامنٹ کے لیے ایک ’’سونک ہارٹ بیٹ‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے جو دنیا بھر کے شائقین کو ایک ساتھ جوڑنے کا ذریعہ بنے گا۔
یہ آفیشل ترانہ معروف بھارتی موسیقار اور گلوکار انیرودھ روی چندر نے کمپوز اور گایا ہے، جسے عالمی سطح پر ریلیز کیا گیا ہے۔ گانے کا مقصد نہ صرف کھیل کے جوش و خروش کو اجاگر کرنا ہے بلکہ مختلف ثقافتوں اور شائقین کو کرکٹ کے مشترکہ جذبے کے تحت یکجا کرنا بھی ہے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سنجوگ گپتا نے کہا کہ آئی سی سی کے بڑے ایونٹس محض کھیل نہیں بلکہ عالمی ثقافتی جشن ہوتے ہیں، جہاں تفریح، تنوع اور کمیونٹی کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔ ان کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ ایک منفرد اور سنسنی خیز ٹورنامنٹ ہے اور آفیشل گانا اسی جذبے کو موسیقی کے ذریعے زندہ کرتا ہے۔
ترانے میں مختلف ممالک کے اسٹار کرکٹرز کے ساتھ پاکستان کے فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو بھی نمایاں کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان کی 2009 کی تاریخی عالمی کامیابی کے مناظر بھی شامل ہیں، جو شائقین کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 7 فروری سے 8 مارچ 2026 تک کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کولمبو میں کھیلے گا۔

