عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں نافذ کی جانے والی معاشی اصلاحات کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ بجٹ ڈسپلن نظر آ رہا ہے اور حکومتی اقدامات کے مثبت ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کرسٹالینا جورجیوا نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی تہہ دل سے عزت کرتی ہیں اور جب وہ کسی کام کی ٹھان لیتے ہیں تو اسے مکمل کر کے ہی چھوڑتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی وزیراعظم شہباز شریف سے متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں جن میں پہلے سے طے شدہ اہداف کے حصول اور آئندہ ترقیاتی اہداف پر تفصیلی گفتگو ہوتی ہے۔
آئی ایم ایف کی سربراہ کے مطابق، پاکستانی حکومت سنجیدگی سے اصلاحات کا نفاذ کر رہی ہے، مشکل فیصلے کیے جا رہے ہیں اور ان کا مقصد عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ طویل عرصے سے مثبت انداز میں کام کر رہا ہے اور موجودہ اصلاحاتی ایجنڈے کے نتیجے میں وسائل کو عوامی فلاح کے لیے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے۔

