حکومتِ پاکستان نے آئندہ تین برس کے دوران مجموعی طور پر 2 ارب 75 کروڑ ڈالر مالیت کے بین الاقوامی بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت رواں ماہ کے آخر یا فروری میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈ کے اجرا کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جس کے لیے جامع حکمتِ عملی بھی ترتیب دے دی گئی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق، پانڈا بانڈز کی مالیت کو مرحلہ وار بڑھا کر ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے چین کی کیپٹل مارکیٹ کے ساتھ ساتھ عالمی مالیاتی منڈیوں سے بھی رجوع کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے مالی سال تک بانڈز کا حجم بڑھ کر ایک ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ مالی سال 2027-28 میں عالمی مارکیٹ سے مزید ڈیڑھ ارب ڈالر کے بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
حکام کے مطابق، بین الاقوامی بانڈز کے اجرا سے بیرونی کمرشل فنانسنگ میں نمایاں بہتری آئے گی اور آئندہ برسوں میں فنانسنگ گیپ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آ رہی ہے اور میکرو اکنامک صورتحال میں مزید استحکام سے بیرونی فنانسنگ کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے۔

