16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کا امکان

اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی منتقل ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت 16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر تک کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 82 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل میں 2 روپے 8 پیسے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے۔

اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی ورکنگ 15 جنوری کو پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا، جس کے بعد وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کرے گی۔

عالمی منڈی میں پیٹرول کی فی بیرل قیمت 2 ڈالر 74 سینٹ کمی کے بعد 66.54 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے، پیٹرول پریمیم میں بھی کمی ریکارڈ ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ایکس ریفائنری قیمتوں میں نمایاں کمی سامنے آئی۔

اسی طرح ڈیزل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی ریلیف کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ حکومت پہلے ہی سالِ نو پر پیٹرول 10 روپے 28 پیسے اور ڈیزل 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر سستا کرچکی ہے، اور تازہ کمی سے صارفین کو مزید ریلیف ملنے کا امکان ہے۔