ایس اینڈ پی گلوبل کی رپورٹ: ایشیا پیسیفک میں پاکستانی بینکنگ سیکٹر سرفہرست، معیشت میں 10.5 فیصد ترقی
ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے اپنی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستانی بینکنگ سیکٹر نے ایشیا پیسیفک ریجن میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ریجن کے بہترین کارکردگی دکھانے والے سرفہرست 10 بینکوں میں سے 6 کا تعلق پاکستان سے ہے، جو ملکی مالیاتی شعبے کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بینک آف پنجاب 2025 میں سرمایہ کاروں کو 333.8 فیصد مجموعی منافع فراہم کر کے ایشیا پیسیفک میں سب سے زیادہ منافع دینے والا بینک بن کر سامنے آیا، جبکہ نیشنل بینک آف پاکستان 301.3 فیصد مجموعی منافع کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
عسکری بینک نے 194.2 فیصد مجموعی منافع فراہم کیا، بینک آف خیبر نے 177.4 فیصد ریٹرن کے ساتھ مضبوط کارکردگی دکھائی، جبکہ یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے 3.8 ارب ڈالر مارکیٹ کیپ کے ساتھ 143 فیصد ریٹرن دیا۔
ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس کے مطابق مکرمہ بینک نے 140 ملین ڈالر مارکیٹ کیپ کے ساتھ 119 فیصد ریٹرن فراہم کیا، جبکہ فیصل بینک نے 500 ملین ڈالر مارکیٹ کیپ کے ساتھ 115 فیصد مجموعی منافع دیا، جس سے پاکستانی بینکنگ سیکٹر کی مجموعی مضبوطی نمایاں ہوتی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کے ایس ای-100 انڈیکس مسلسل تیسرے سال تیزی کے رجحان کے ساتھ 2025 میں 51.2 فیصد اضافے کے بعد تاریخی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
اسی طرح پاکستانی معیشت نے بھی نمایاں بہتری دکھاتے ہوئے 2025 میں 10.5 فیصد کی شرح سے ترقی کی، جس کی تصدیق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے بھی کی ہے۔
مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں افراطِ زر میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو 2024 میں 12.6 فیصد تھی اور 2025 میں کم ہو کر 3.2 فیصد رہ گئی، جسے معاشی استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

