پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا نیا سنگِ میل، کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 87 ہزار پوائنٹس سے تجاوز

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا سلسلہ برقرار ہے اور آج کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک اور تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا۔

بدھ کے روز سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث انڈیکس پہلی مرتبہ 1 لاکھ 87 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔

کاروبار کے دوران، ایک موقع پر انڈیکس 1700 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 86 ہزار 765 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا، جبکہ مجموعی طور پر مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں شاندار تیزی دیکھی گئی تھی، جب کے ایس ای 100 انڈیکس 2653 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 85 ہزار 62 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا تھا۔

ماہرین کے مطابق، مسلسل تیسرے روز تیزی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد، معاشی اشاریوں میں بہتری اور مارکیٹ میں لیکویڈیٹی کے اضافے کا مظہر ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ رفتار برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں مارکیٹ مزید نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔