اسلام آباد میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے فروغ سے متعلق سمیڈا کے بزنس پلان پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں ایس ایم ایز کی ترقی سے برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور یہ شعبہ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
اجلاس میں آئندہ تین سال کے لیے ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کا جامع روڈ میپ پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے قابلِ عمل اور مؤثر بزنس پلان ترتیب دینے پر معاونِ خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بینکوں اور دیگر مالی اداروں کے ذریعے ایس ایم ایز کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں وسعت آئے اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو۔
اجلاس میں ایس ایم ایز کو درپیش مسائل، ان کے حل کے لیے لائحہ عمل، برآمدی عمل میں شمولیت کی حکمتِ عملی اور بزنس پلان میں شامل مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر کو عالمی منڈی میں مسابقتی بنیادوں پر متعارف کرانے کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ تعاون بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ ملکی ایس ایم ایز کی استعداد میں اضافے کے لیے چھ شہروں میں ورکشاپس کا انعقاد اور متعدد تربیتی پروگرامز پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں خواتین کی ایس ایم ای سیکٹر میں شمولیت اور مؤثر کردار کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، سمیڈا کے بورڈ ارکان اور متعلقہ حکام شریک تھے۔

