اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دسمبر 2025 میں ٹیکس وصولی کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 1,427 ارب 10 کروڑ روپے جمع کر لیے، جو کسی بھی سال کے دسمبر میں اب تک کی سب سے زیادہ وصولی ہے۔
ایف بی آر حکام نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ وصولی ماہانہ ہدف 1,446 ارب روپے کا 99 فیصد بنتی ہے۔
حکام کے مطابق، ان لینڈ ریونیو سروس نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 1,310 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1,308 ارب روپے وصول کیے، جو 99.8 فیصد ہے۔
نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ٹیکس وصولی میں 59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، نومبر میں وصولی 898 ارب روپے تھی جو دسمبر میں بڑھ کر 1,427.1 ارب روپے ہو گئی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس ریکارڈ وصولی کو حکومت کے مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے، بہتر ٹیکس تعمیل، مؤثر نفاذ اور ڈیجیٹل اصلاحات کی کامیابی قرار دیتے ہوئے ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا۔
ان کے مطابق، گزشتہ 18 ماہ میں ڈیجیٹلائزیشن، کیش لیس لین دین کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیے بغیر مضبوط نفاذ کی حکمت عملی کے مثبت اور پائیدار نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

