ایپل کی تاریخ کا نیا باب: پہلا فولڈ ایبل ’آئی فون ڈو‘ اور آئی فون 18 پرو متعارف

واشنگٹن: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون کی تاریخ میں 2007 کے بعد سب سے بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اپنا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون ’آئی فون ڈو‘ (iPhone Duo) متعارف کروا دیا ہے، جبکہ اس کے ساتھ آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس بھی پیش کر دیے گئے ہیں۔

ایپل کی جانب سے منعقدہ ایونٹ کے دوران نئے چیف ایگزیکٹو جان ٹرنس نے نئے ڈیزائن والے آئی فون کو پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ فولڈ ایبل فونز کے استعمال کا تجربہ بدل کر رکھ دے گا۔ پاسپورٹ سائز کی شکل والے اس فولڈ ایبل فون کو کھولنے پر 7.6 انچ کا آئی پیڈ جیسا ڈسپلے حاصل ہوتا ہے جبکہ بند حالت میں اس کی بیرونی اسکرین 5.4 انچ ہے۔

جدید A20 Pro چپ سیٹ اور iOS 27 آپریٹنگ سسٹم سے لیس اس فون میں 12 جی بی ریم، 48 میگا پکسل کے دوہرا مین و الٹرا وائیڈ کیمرے اور 5800 mAh کی طاقتور بیٹری دی گئی ہے۔ اس انقلابی فولڈ ایبل آئی فون کی ابتدائی قیمت 1,999 امریکی ڈالرز (تقریباً 5 لاکھ 54 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) مقرر کی گئی ہے اور یہ 23 اکتوبر سے مارکیٹ میں دستیاب ہو گا۔

ایونٹ میں پیش کیے گئے آئی فون 18 پرو (ابتدائی قیمت 1,199 ڈالرز) اور آئی فون 18 پرو میکس (ابتدائی قیمت 1,299 ڈالرز) میں جدید مصنوعی ذہانت (AI) کے فیچرز اور بہترین بیٹری لائف شامل کی گئی ہے، جو بالترتیب 36 اور 45 گھنٹے کا بیک اپ فراہم کرے گی۔ علاوہ ازیں کمپنی نے ایپل واچ سیریز 12، الٹرا 4 اور نئے ایئر پوڈز بھی نمائش کے لیے پیش کیے ہیں۔