ایران نے میرے بیٹے کو قتل کرنے کی کوشش کی: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا بڑا دعویٰ

یروشلم: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک سنسنی خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے ان کے دو بیٹوں میں سے ایک کو مبینہ طور پر قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔

اسرائیلی چینل 14 کو دیے گئے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں بنیامین نیتن یاہو نے تفصیلات فراہم کیے بغیر کہا کہ ”ایران نے میرے ایک بیٹے کو نشانہ بنایا اور اسے قتل کرنے کی کوشش کی۔“ انہوں نے مزید کہا کہ اسی وجہ سے ان کے اہل خانہ کو دی جانے والی سیکیورٹی کوئی ’عیش و عشرت‘ نہیں بلکہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے گفتگو کے دوران اپنے بیٹوں یائر اور ایونر میں سے کسی ایک کا نام واضح نہیں کیا کہ کس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو کا یہ بیان اسرائیلی اندرونی سیکیورٹی ایجنسی ’شن بیت‘ (Shin Bet) کی جانب سے ان کے خاندان کی سیکیورٹی سے متعلق فیصلے کا دفاع تھا۔ جولائی میں جاری کردہ احکامات کے تحت نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ اور ان کے دونوں بیٹوں کو کم از کم 5 سال کے لیے اضافی سیکیورٹی کور فراہم کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ان کا ایک بیٹا ایونر اسرائیل میں مقیم ہے جبکہ دوسرا بیٹا یائر گزشتہ چند سالوں سے امریکا (میامی) میں رہائش پذیر ہے۔