خواجہ آصف سے منسوب وائرل ویڈیو جعلی اور اے آئی سے تیار شدہ ہے، وزارت اطلاعات کی وضاحت

اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی وائرل ہونے والی ویڈیو کی حقیقت بیان کرتے ہوئے اسے جعلی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ ’ڈیپ فیک‘ قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک منٹ طویل ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ خواجہ آصف پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کی سیاسی و معاشی صورتحال کا موازنہ کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں اے آئی آڈیو کے ذریعے یہ تاثر دیا گیا کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ دونوں ممالک نے ایک ساتھ آزادی حاصل کی لیکن بھارت ٹیکنالوجی اور معیشت میں آگے نکل گیا جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا جیسے خطوں کی صورتحال تشویشناک ہے۔ یہ ویڈیو بھارتی میڈیا اور مختلف پلیٹ فارمز پر بھی تیزی سے پھیلی۔

وزارت اطلاعات نے اپنے آفیشل ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر فیکٹ چیک جاری کرتے ہوئے اس ویڈیو پر ’جھوٹ: یہ اے آئی سے بنائی گئی ویڈیو ہے‘ کی مہر لگائی۔ وزارت نے واضح کیا کہ خواجہ آصف نے ایسا کوئی بیان یا پریس کانفرنس نہیں دی، بلکہ ان کی ایک پرانی پریس کانفرنس کی ویڈیو کو کلون شدہ آڈیو کے ساتھ ایڈٹ کر کے ڈس انفارمیشن پھیلائی گئی ہے۔

وزارتِ اطلاعات نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی خبر کو آگے شیئر کرنے سے قبل سرکاری و آفیشل ذرائع سے اس کی تصدیق ضرور کریں۔