پاکستان کی شام پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت: عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان نے شام کے صوبے ادلب میں ابو الظہور ملٹری ایئربیس پر اسرائیلی قابض افواج کے بلااشتعال اور شدید فضائی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین اور شامی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایسی اشتعال انگیز اسرائیلی کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کو مزید تباہ کر سکتی ہیں۔ ترجمان نے شامی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی افواج کی ان مسلسل خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے اپنا فوری کردار ادا کرے اور اسرائیل کو خطے میں عدم استحکام پھیلانے پر جوابدہ ٹھہرائے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے شمال مغربی شام میں واقع ابو الظہور ایئربیس پر 8 فضائی حملے کیے، جن میں رن وے اور اسٹوریج کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ شامی میڈیا اور غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس حملے سے کچھ دیر قبل ترکیہ کے ایک فوجی وفد نے رن وے کی بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ایئربیس کا دورہ کیا تھا، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ اسرائیل نے یہ حملہ شام کی عسکری صلاحیتوں کی بحالی کے حوالے سے ترکیہ کو پیغام پہنچانے کے لیے کیا۔