کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی سلسلے میں خفیہ اطلاع پر بڑا آپریشن کیا گیا۔ فورسز نے دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے کو محاصرے میں لے کر مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد موقع پر ہی مارے گئے جبکہ ان کا ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
اس کے علاوہ ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ اور دشت کٹائی کے درمیان ناکہ بندی کے دوران دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی نشاندہی پر ایک اور دہشتگرد کو جہنم واصل کیا گیا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے دستی بم، ایمونیشن، واکی ٹاکی سیٹ اور موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے خلاف اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ اور ‘فتنہ الہندوستان’ و ‘فتنہ الخوارج’ کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز بلا تعطل اور پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔

