پاکستان نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ کی صدارت سنبھال لی

جنیوا: پاکستان نے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کی اہم اور واحد کثیرالجہتی ’کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ‘ (سی ڈی) کی صدارت باضابطہ طور پر سنبھال لی ہے۔ پاکستان کی جانب سے وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری اور ترجمان سفیر طاہر حسین اندرابی کانفرنس کے اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں۔

پاکستان سال 2026ء کے اجلاس کے اس آخری سیشن کی صدارت کر رہا ہے، جس کے دوران کانفرنس کی سالانہ کارروائی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس صدارت کے تحت پاکستان کانفرنس کی سالانہ رپورٹ تیار کرنے کے علاوہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں متعلقہ قراردادوں پر مذاکرات کی رہنمائی بھی کرے گا۔ عہدہ سنبھالتے ہی سفیر طاہر حسین اندرابی نے سابق صدور اور مختلف علاقائی گروپوں کے نمائندوں کے ساتھ باہمی مشاورت کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔

دنیا کے 65 ممالک پر مشتمل اس اعلیٰ سطح کے فورم میں تمام ایٹمی قوتیں بھی شامل ہیں۔ کانفرنس کے بنیادی ایجنڈے میں ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ کا خاتمہ، ایٹمی جنگ سے بچاؤ، بیرونی خلا کو ہتھیاروں سے پاک رکھنا اور عالمی سلامتی کے امور شامل ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس صدارت کا ملنا عالمی برادری کے پاکستان کی سفارتی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد اور بین الاقوامی سطح پر عدمِ اشاعتِ اسلحہ و امن و سلامتی کے مباحث میں پاکستان کے مرکزی اور تعمیری کردار کا واضح اعتراف ہے۔