اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، من گھڑت اور پاکستان کے خلاف بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے بھارتی وزیرِ داخلہ کے اس دعوے کی شدید تردید کی کہ بھارتی سیکیورٹی ایجنسیوں نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے 200 افراد کو دہشت گردی کے الزامات میں گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں، سیکیورٹی چیلنجز اور اقلیتوں پر مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے اور محدود سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے بار بار پاکستان پر الزام تراشی کا سہارا لیتا ہے۔
ترجمان نے زور دیا کہ بھارت خود اندرونِ ملک ایک جابرانہ ریاست ہے جو اقلیتوں کو دبا رہا ہے جبکہ بیرونِ ملک ریاستی سرپرستی میں ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی برآمد کرنے اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان میں سزایافتہ بھارتی بحریہ کا کمانڈر کلبھوشن یادیو اس بات کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے من گھڑت الزامات کو مسترد کرے اور خطے میں بھارتی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا سخت محاسبہ کرے۔

