کوئٹہ: بلوچستان میں ’آپریشن رد الفتنہ 3‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز کی دہشت گرد عناصر کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 3 کو زخمی کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بسیمہ کیمپ سے 12 کلومیٹر شمال میں واقع کلی زائیک اور کاغلی کے درمیانی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت مشتاق احمد عرف کوہ یار کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے گولہ بارود، میگزین، دستی بم اور آئی ای ڈیز تیار کرنے کا سامان برآمد کر لیا گیا۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے زیارت اور ہرنائی کے درمیانی پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اور کامیاب کارروائی کی۔ دورانِ نگرانی ایک متروکہ مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق پر سیکیورٹی فورسز نے ٹھکانے کا محاصرہ کر کے مؤثر نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ متعلقہ علاقوں میں سرچ اور سیناٹائزیشن آپریشن بھی جاری ہے۔

